دہشت گردی کا ممکنہ خطرہ، ملک بھر کے تمام ریلوے سٹیشنوں پر سخت سیکیورٹی کا حکم

دہشت گردی کا ممکنہ خطرہ، ملک بھر کے تمام ریلوے سٹیشنوں پر سخت سیکیورٹی کا حکم
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: ملک بھر کے تمام بڑے ریلوے سٹیشنوں پر ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر گداگروں کا داخلہ بند کرنے اور حفاظتی اقدامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق آئی جی ریلوے پولیس فیصل شاہکار نے تمام ایس پیز کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں وزارت داخلہ کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر کراچی، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، سکھر، ملتان اور پشاور سمیت ملک بھر کے تمام ریلوے سٹیشنوں کی حدود میں کسی بھی گداگر مرد، خواتین اور بچوں کا مکمل طور پر داخل بند کردیا جائے۔
آئی جی ریلوے پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی گداگر کو ریلوے پلیٹ فارموں پر جانے نہ دیا جائے اور ریلوے سٹیشنوں کے داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر کلیئر رکھا جائے جبکہ ڈراپ لائن اور مسافروں کو لینے آنے والے افراد مقرر کردہ لائنوں میں رہیں۔
آئی جی ریلوے پولیس نے لیڈیز پولیس کمانڈوز کو ریلوے پلیٹ فارموں پر خواتین اور بچوں کے سامان کی چیکنگ کرنے اور کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے پلیٹ فارموں پر مشکوک سامان اور افراد پر نظر رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشکوک افراد اور سامان کی بروقت اطلاع ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو دی جائے۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے آئی جی ریلوے پولیس فیصل شاہکار کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ریلوے سٹیشنوں کے اندر اور اس کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایات کی ہیں اور اس حوالے سے کسی بھی طرح کی کوتاہی برداشت نہیں ہو گی اور تمام اہلکار ذمہ داری کیساتھ ڈیوٹی فرائض سرانجام دیں گے۔ 

مصنف کے بارے میں