وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں بخار کی دوا کی قلت کا نوٹس لے لیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں بخار کی دوا کی قلت کا نوٹس لے لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ میں اضافے کے بعد بخار کی دوا کی عدم دستیابی کا نوٹس لے کر اس کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ صحت کو بخار کی دوا کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دواز ساز کمپنیوں سے رابطہ کر کے بخار والی گولی کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے تاکہ عوام کو کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
یاد رہے کہ لاہور میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ میں اضافے کیساتھ ہی میڈیکل سٹورز پر بخار والی گولی ایک بار پھر نایاب ہو گئی ہے اور بلیک میں اس کی فروخت کا عمل بھی جاری ہے۔ میڈیکل سٹور مالکان کے مطابق کوویڈ کی نئی لہر سے ادویات کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ 
میڈیکل سٹور مالکان کا کہنا ہے کہ کبھی ادویات کی سپلائی آتی ہے تو کبھی نہیں جبکہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کی وجہ سے بخار والی گولی کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم دوسری جانب ڈرگ کنٹرول ونگ کا کہنا ہے کہ صوبے میں بخار کی 69 ملین گولیوں کا سٹاک موجود ہے جبکہ لاہور ڈویژن میں 16 ملین سے زائد گولیاں موجود ہیں۔

مصنف کے بارے میں