اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی معاشی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے تاجر برادری کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم آج ملک کے ممتاز ایکسپورٹرز اور معروف کاروباری شخصیات سے اہم ملاقات کریں گے جس میں ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات کا محور ملکی صنعت کو درپیش چیلنجز اور برآمدات میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے دوران صنعت، تجارت اور برآمدات کے فروغ سے متعلق اپنا خصوصی ویژن پیش کریں گے۔ وزیراعظم تاجروں کو معاشی استحکام کے لیے اٹھائے گئے اب تک کے حکومتی اقدامات سے آگاہ کریں گے۔کاروباری برادری کی تجاویز کی روشنی میں نئی تجارتی پالیسیوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
اجلاس میں توانائی کی قیمتوں اور برآمد کنندگان کو دی جانے والی مراعات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
وزیراعظم کا مؤقف ہے کہ ملکی معیشت کی بحالی کا واحد راستہ برآمدات میں اضافہ اور مقامی صنعت کو عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنانا ہے۔ اس ملاقات کو معاشی پالیسیوں کے تسلسل اور تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔