کراچی : میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم کی قیادت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ اپنوں کے نہ ہو سکے، وہ کسی اور کے کیا ہوں گے۔ سانحہ گل پلازہ کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایم کیو ایم کی سیاست اور وفاقی حکومت کے رویے پر کئی سوالات کھڑے کر دیے۔
میئر کراچی نے ایم کیو ایم کے ماضی اور موجودہ سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا چندہ جمع کرنے والے اور کھالیں کھینچنے والوں سے کیا بات ہو سکتی ہے؟ ان کی قیادت کبھی کسی کی سگی نہیں رہی۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم والے کل مطالبہ کریں گے کہ اس سانحے کی تحقیقات ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) سے کروائی جائیں۔مرتضیٰ وہاب نے وفاقی حکومت کی جانب سے سانحہ گل پلازہ پر سرد مہری کا ذکر کرتے ہوئے کہا پورے سانحے کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے اب تک کوئی تعزیتی یا باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب سانحہ بولٹن مارکیٹ ہوا تھا، تو ہماری (پیپلز پارٹی کی) وفاقی حکومت نے متاثرین کے لیے فوری فنڈنگ کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ علی خورشیدی میرے بھائی ہیں، انہیں چاہیے کہ سیاست کرنے کے بجائے وزیراعظم کو فنڈنگ کے لیے قائل کریں۔"ہم سانحہ گل پلازہ جیسے واقعات سے سبق حاصل کریں گے اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔