Get Alerts

پاکستان اور ترکیہ کا دفاعی تعاون  کو مزید وسعت دینے کا عزم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ترک چیف آف جنرل سٹاف کی اہم ملاقات

پاکستان اور ترکیہ کا دفاعی تعاون  کو مزید وسعت دینے کا عزم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ترک چیف آف جنرل سٹاف کی اہم ملاقات

راولپنڈی : پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی اور عسکری تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پاک فوج کے سربراہ و چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ترکیہ کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل سیلچُک بایراکتاراوغلو نے آج جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، جی ایچ کیو پہنچنے پر ترک جنرل کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کے بعد انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ملاقات کے دوران دونوں فوجی سربراہان نے درج ذیل امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، خطے اور دنیا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
دوطرفہ عسکری تعاون، مشترکہ مشقوں اور تربیت کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں شخصیات نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد اور عوامی سطح پر مضبوط روابط پر مبنی ہے۔ ہم ترک مسلح افواج کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور عسکری تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
جنرل سیلچُک بایراکتاراوغلو نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ تربیت اور استعداد کار میں اضافے سمیت تمام دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے تیار ہے۔

ٹیگز: