نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے فوری اور موثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی ساکھ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور اس کا حل سلامتی کونسل کی ایجنڈے پر طویل عرصے سے موجود ہے۔
عاصم افتخار احمد نے اس بات پر زور دیا کہ یو این امن مشنز کا مقصد سیاسی حل کو فروغ دینا ہونا چاہیے، اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے سنجیدہ اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب تک 4 براعظموں میں 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد فوجی امن مشنز میں بھیج چکا ہے، جن میں سے 182 پاکستانی اہلکاروں نے امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ یو این امن مشنز کی کامیابی کے لیے سلامتی کونسل کا متحد اور پائیدار سیاسی تعاون ضروری ہے اور یو این کے خصوصی نمائندوں کو مکمل اختیارات دیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ امن مشنز کے انخلا کا فیصلہ زمینی حالات کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
عاصم افتخار احمد نے اس بات پر زور دیا کہ امن مشنز کے مینڈیٹ کی تیاری اور جائزے میں حصہ لینے والے ممالک کو شامل کیا جانا چاہیے تاکہ زمینی صورتحال کے مطابق فیصلے کیے جا سکیں۔ پاکستان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ یو این کے امن مشن کے نظام کی مضبوط حمایت جاری رکھے گا۔