مستونگ : بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس اور لیویز حکام کے مطابق، پنجگور کا رہائشی شعیب خان اپنی حاملہ بیوی اور بھائی کے ہمراہ کوئٹہ جا رہا تھا، جب وہ مستونگ کے علاقے لکپاس، نوشکی کراس کے قریب ایک نجی ہوٹل میں رات گزارنے کے لیے رکے۔ اسی دوران، مقتولہ کے بھائیوں نے ان کی لوکیشن معلوم کر کے ہوٹل پہنچ کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔
قتل کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شعیب خان نے سات سال قبل کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کی رہائشی بے نظیر سے پسند کی شادی کی تھی۔ تاہم، کچھ عرصہ قبل دونوں خاندانوں کے درمیان راضی نامہ ہو گیا تھا اور مقتولہ کے بھائیوں نے انہیں دعوت کے بہانے کوئٹہ بلایا تھا۔
لیویز حکام کے مطابق، قتل کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، اور لیویز نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہے ہیں، اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی توقع ہے۔