Get Alerts

سندھ میں دفعہ 144 مزید ایک ماہ برقرار، جلسے، جلوس اور اسلحے کی نمائش پر پابندی برقرار

سندھ میں دفعہ 144 مزید ایک ماہ برقرار، جلسے، جلوس اور اسلحے کی نمائش پر پابندی برقرار

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے پیش نظر دفعہ 144 کی مدت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق نئی پابندیاں یکم اگست 2026 سے نافذ ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندیاں پورے صوبہ سندھ میں لاگو ہوں گی۔ اس دوران جلسے، جلوس، احتجاجی مظاہرے، دھرنے، ریلیاں، عوامی اجتماعات اور وال چاکنگ پر پہلے سے عائد پابندی بدستور برقرار رہے گی۔

محکمہ داخلہ نے اسلحے کی نمائش پر عائد پابندی میں بھی مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرڈ نجی سکیورٹی کمپنیوں کے اہلکار صرف ڈیوٹی کے دوران اسلحہ اپنے پاس رکھ سکیں گے، تاہم گاڑیوں میں سفر، گشت یا دیگر عوامی مقامات پر اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکام کے مطابق اسلحہ صرف ڈیوٹی کی جگہ تک محدود رکھا جائے گا، جبکہ ایسا کوئی بھی عمل جس سے عوام میں خوف و ہراس پیدا ہو، اس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو مقدمات درج کرنے کے اختیارات بھی دے دیے گئے ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ نے یہ نوٹیفکیشن تمام متعلقہ اداروں کو ارسال کر دیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن کے دستخط کے بعد جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پابندیوں میں توسیع ضروری سمجھی گئی ہے۔
 

ٹیگز: