Get Alerts

پنجاب میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان، 18 افراد جاں بحق، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

 پنجاب میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان، 18 افراد جاں بحق، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

لاہور: پنجاب میں جاری مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 18 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مری، لاہور، شیخوپورہ، اٹک، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد، چکوال اور ڈیرہ غازی خان میں بارشیں ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق 27 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جب کہ زیادہ تر ہلاکتیں کچے یا خستہ حال مکانوں اور چھتیں گرنے کی وجہ سے ہوئیں۔ خانیوال اور اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں 2 بچے بجلی کا کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو حکومت کی جانب سے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ مون سون بارشوں کا پہلا مرحلہ کل تک جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پنجاب کے تمام دریاؤں اور بیراجز میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ (شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے) کا خطرہ موجود ہے، جس کے پیشِ نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ضروری انتظامات مکمل ہیں۔

ٹیگز: