لاہور: پنجاب میں پری مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کل سے 6 جولائی تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔
پیشگوئی کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، شیخوپورہ اور نارووال سمیت متعدد اضلاع میں بارش ہو سکتی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عمر جاوید نے کہا کہ ممکنہ صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو نکاسی آب، ایمرجنسی سروسز اور دیگر ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔