لاہور: کاہنہ نو فیروز پور روڈ کے علاقے میں اکیڈمی کی چھت گرنے سے 14 سے زائدبچے جاں بحق ہوگئے ۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ایمرجنسی وہیکلز اور اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے بچوں کو نکالنے میں مصروف ہیں، جبکہ امدادی آپریشن جاری ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ چھت ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی جو اچانک گر گئی۔
حادثے میں زخمی ہونے والے 19 بچوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کاہنہ منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سے 10 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق دیگر بچوں کی تلاش کے لیے امدادی آپریشن جاری ہے، جبکہ اہلکار ملبہ ہٹا کر ممکنہ طور پر دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مریم نواز شریف نے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مکان کے مالک سمیت 2 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے بچوں کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی، جبکہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔