لاہور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ملک بھر میں پارٹی اجتماعات پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے این پی کے رہنماءامیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہے اس لئے پارٹی عہدیدار و کارکن اجتماعات کے اہتمام سے گریز کریں جبکہ عوام سے بھی اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں کیونکہ اگر وہ ایسا نہیں کریں گے تو وائرس کو پھیلنے سے روکا نہیں جا سکے گا اور اگر کورونا اسی تیزی کے ساتھ پھیلتا گیا تو ہسپتالوں اور طبی عملے پر دباؤ بھی بڑھ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ملک بھر میں عوام کو ویکسی نیشن کی اشد ضرورت ہے، حکومت عوام کو ویکسین کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کیساتھ ساتھ حکومتی اور صحت کے متعلقہ اداروں، ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ کورونا پابندیوں کے باعث عوام کو معاشی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس لئے حکومت عوام کے مسائل کے حل کیلئے بھی اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافے کے پیش نظر شہریوں کو گھروں سے نکلتے وقت سیفٹی ماسک پہننے کی ہدایت دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر آفس پشاور کے بیان کے مطابق ’ماسک کے بغیر بازاروں میں گھومنے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے، یہ پابندی ایک ماہ کیلئے لگائی گئی ہے اور اس دوران بغیر ماسک گھومنے پر دفعہ 188 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔