اسلام آباد / کوٹ ادو : ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے جاری بارشوں نے جہاں موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے، وہی کئی علاقوں میں نظامِ زندگی کو درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بادل کھل کر برسے ہیں۔
جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات بھر سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔مسلسل بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا ہے۔بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم انتظامیہ متحرک ہے۔جنوبی اور وسطی پنجاب میں بھی بارشوں نے اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔
شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے باعث ہر طرف جل تھل ہو گیا ہے۔ بارش کے ساتھ ہی بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ خوشاب میں بھی بادل کھل کر برسے، جس سے گرمی سے ستائے عوام نے سکھ کا سانس لیا۔
بلوچستان کے علاقے سنجاوی اور گردونواح میں صورتحال قدرے سنگین ہے،رات سے جاری وقفے وقفے سے بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ پہاڑی علاقوں سے آنے والے سیلابی ریلوں کی وجہ سے متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، جس سے آمد و رفت کا سلسلہ منقطع ہو گیا ہے۔