آئی ایم ایف کے مطالبات کو بجٹ کی شکل میں مسلط نہیں ہونے دیں گے ، شہبازشریف

آئی ایم ایف کے مطالبات کو بجٹ کی شکل میں مسلط نہیں ہونے دیں گے ، شہبازشریف
سورس: file photo

اسلام آباد ، قومی  اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن)  کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطالبات کو بجٹ کا نام دے کر عوام پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔

شہبازشریف  نے پارٹی کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کو حکومتی معاشی کارکردگی بے نقاب کرنےکی ہدایت کی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ اکنامک ایڈوائزری کونسل عوام دشمن بجٹ منظوری روکنےکیلئے حکمت عملی کا جائزہ لے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی زبوں حالی سے عوام کی سنگین مشکلات اجاگر کی جائیں اور بجلی، گیس، دوا، علاج، تعلیم اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے حقائق کو سامنے لایا جائے۔

شہبازشریف کا کہنا تھاکہ حکومت جھوٹ سے اعدادوشمار بدل سکتی ہے لیکن زمینی معاشی حقائق کوبدلانہیں جاسکتا، آئی ایم ایف کے مطالبات کو بجٹ کا نام دے کر عوام پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔

شہباز شریف نے پارٹی کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی ہے۔