حب : بلوچستان کے صنعتی شہر حب کے علاقے جام کالونی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران شہری کی جوابی فائرنگ سے تین ڈاکو مارے گئے، جبکہ ایک ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک شہری بینک سے رقم نکال کر واپس جا رہا تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے اسے لوٹنے کی کوشش کی۔ اسی دوران شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی جس سے شہری زخمی ہوا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے جس میں شہری اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ فرار ہونے والے چوتھے ڈاکو کی تلاش جاری ہے۔