اسلام آباد: پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ ٹیرف (محصولات) سے متعلق باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس ضمن میں دونوں ممالک نے تعمیری انداز میں ابتدائی تبادلہ خیال کیا اور آئندہ ہفتوں میں تکنیکی سطح پر تفصیلی بات چیت پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی تجارتی نمائندے ایمبیسیڈر جیمیسن گریئر کے درمیان ویڈیو لنک کے ذریعے ابتدائی مشاورتی اجلاس ہوا۔ ملاقات میں باہمی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مذاکرات کو جلد از جلد نتیجہ خیز بنایا جائے گا تاکہ دوطرفہ تجارت میں بہتری لائی جا سکے۔ مذاکرات کو مثبت اور تعمیری ماحول میں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق، یہ اقدام پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔