نئی دہلی : عالمی شہرت یافتہ نشریاتی ادارے 'الجزیرہ' نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر سفارتی طور پر تنہا کرنے کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی 10 سالہ مہم بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور پاکستان خطے میں ایک اہم ترین فریق کے طور پر سامنے آیا ہے۔
الجزیرہ کی خصوصی رپورٹ کے مطابق، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 2016 میں پاکستان کو دنیا سے الگ تھلگ کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا تھا، تاہم ایک دہائی گزرنے کے بعد نئی دہلی کی یہ حکمت عملی بری طرح فلاپ ہو گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آج دنیا کی بڑی طاقتوں اور اہم ترین دارالحکومتوں بشمول واشنگٹن، بیجنگ، تہران اور ریاض کے ساتھ بیک وقت مضبوط سفارتی رابطے میں ہے۔
رپورٹ میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان خطے میں تنہائی کا شکار ہونے کے بجائے اب علاقائی و تزویراتی معاملات پر گہرے اثرات مرتب کرنے والا ایک کلیدی ملک بن چکا ہے۔ الجزیرہ کے تجزیے کے مطابق، اسلام آباد کو دیوار سے لگانے کی مودی سرکار کی ضدی پالیسی الٹا خود بھارت کے لیے ہی عالمی اور علاقائی سطح پر نقصان دہ ثابت ہوئی ہے۔
