راولپنڈی: عالمی کرکٹ کے نقشے پر آج پاکستان کا نام ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف راولپنڈی کے میدان میں اترتے ہی گرین شرٹس ون ڈے فارمیٹ میں 1000 میچز مکمل کرنے والی دنیا کی تیسری عظیم ٹیم بن جائے گی، جس سے قبل یہ اعزاز صرف بھارت اور خود آسٹریلیا کو حاصل ہوا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ون ڈے آج شام ساڑھے 4 بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں ہوم گراؤنڈ پر اتنی بڑی تاریخ رقم کرنے کے لیے قومی ٹیم انتہائی پرجوش ہے۔ دوسری جانب آسٹریلوی اسکواڈ کو کپتان مچل مارش کی ٹخنے کی انجری کے باعث بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس کے بعد جوش انگلس کو کینگروز کی کمان سونپی گئی ہے اور مچل مارش کے متبادل کے طور پر کوپر کنولی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے 111 میچوں میں سے 71 آسٹریلیا اور 36 پاکستان نے جیتے ہیں، تاہم راولپنڈی کا پچ ریکارڈ پاکستان کے حق میں ہے جہاں ہوم ٹیم اپنے گزشتہ پانچ میچوں سے ناقابلِ شکست چلی آ رہی ہے۔
تاہم، محکمہ موسمیات کی جانب سے راولپنڈی میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی نے شائقین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے باعث اس یادگار میچ کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ سیریز کا یہ افتتاحی میچ راولپنڈی جبکہ اگلے دونوں مقابلے لاہور میں کھیلے جائیں گے۔