Get Alerts

ایران نیوکلیئر بم نہیں بنا سکتا، پاکستان ہمارا مخلص دوست ہے: پیٹ ہیگستھ

ایران نیوکلیئر بم نہیں بنا سکتا، پاکستان ہمارا مخلص دوست ہے: پیٹ ہیگستھ

واشنگٹن :امریکی وزیرِ دفاع اور جنگ پیٹ ہیگستھ نے واشنگٹن میں اہم پریس بریفنگ کے دوران عالمی سلامتی اور علاقائی اسٹریٹجک صورتحال پر امریکی پالیسی واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پہلے سے کہیں زیادہ جنگ کے لیے تیار ہے، تاہم صدر ٹرمپ امریکی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی کوئی نیا معاہدہ کریں گے۔

امریکی وزیرِ دفاع نے خطے میں جاری سفارتی تناؤ کو کم کرنے کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکا کا مخلص دوست ہے، اور اس وقت پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل جاری مذاکرات کے عمل میں انتہائی شاندار اور تعمیری کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

ایران کے حوالے سے سخت لائن لیتے ہوئے پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ایران اچھے طریقے سے جانتا ہے کہ اسے کیا کرنا ہے، صدر ٹرمپ کا مؤقف واضح ہے کہ ایران کسی صورت نیوکلیئر بم نہیں رکھ سکتا، تاہم واشنگٹن ایران کے ساتھ ایک اچھے اور پائیدار معاہدے کے لیے تیار ہے۔ آبنائے ہرمز کے بحری راستے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ آبنائے ہرمز کو پہلے کی طرح بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے مکمل طور پر کھولنا ہوگا اور اس تجارتی گزرگاہ پر کسی قسم کا ٹیکس یا چارجز قبول نہیں کیے جائیں گے۔

امریکی وزیرِ جنگ نے عالمی شراکت داروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں ان کی چینی وزیرِ دفاع سے بھی ملاقات ہوئی ہے اور امریکا اب چین کے ساتھ ایک نئے قسم کے تعاون کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کی دفاعی ٹیمیں ہر ماہ آپس میں ملاقاتیں کریں گی۔ یوکرین تنازع پر بات کرتے ہوئے پیٹ ہیگستھ نے عزم ظاہر کیا کہ یوکرین کو دفاع کے لیے جو بھی امداد درکار ہوگی امریکا وہ فراہم کرے گا اور اس سلسلے میں یورپی ممالک کے ساتھ بھی بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔

ٹیگز: