Get Alerts

پہلا ون ڈے: پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

پہلا ون ڈے: پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

راولپنڈی: پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44.1 اوورز میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے میٹ رینشا نے 61 رنز اور میتھیو شارٹ نے 55 رنز اسکور کیے۔ ایلکس کیری نے 19 جبکہ میتھیو کوہنیمن نے 24 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عرفات منہاس نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے مطلوبہ اسکور 43ویں اوور میں حاصل کرلیا، تاہم 5 وکٹیں بھی گنوائیں۔ بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 69 رنز (94 گیندیں) کی اننگز کھیلی جبکہ غازی غوری نے 65 رنز اسکور کیے۔

دیگر بلے بازوں میں صاحبزادہ فرحان نے 28، معاذ صداقت نے 8 اور سلمان علی آغا نے 6 رنز بنائے۔ عرفات منہاس 18 اور عبدالصمد 1 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

یہ میچ پاکستان کے ون ڈے کرکٹ میں 1000ویں میچ کے طور پر بھی یادگار رہا۔ کپتان شاہین آفریدی نے اسے تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے ٹیم کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا اور آئندہ میچز میں مزید اچھی کارکردگی کی امید ظاہر کی۔
 
 
 

ٹیگز: