امریکہ نے پاکستان سے متعلق اپنی پالیسی کو واضح کردیا

امریکہ نے پاکستان سے متعلق اپنی پالیسی کو واضح کردیا
کیپشن: فوٹو فائل

واشنگٹن:امریکہ نے پاکستان سے متعلق اپنی پالیسی کو واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن، اسلام آباد سے نتائج اور اعتماد کی بحالی کیلئے اقدامات چاہتا ہے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نائب ترجمان رابرٹ پالاڈینو سے سوال کیا گیا کہ چند ہفتوں قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیغامات میں پاکستان پر دہشت گردوں کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا.

جس کے بعد پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے بھی ٹوئٹر پر اس کا ردعمل دیا اور اچھی خاصی لفظی جنگ ہوئی لیکن اب امریکہ ، طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے پاکستان کی طرف دیکھ رہا ہے تو کیا امریکا کی طرف سے بیانات دینے کا یہ وقت مناسب تھا؟


جس کے جواب میں نائب ترجمان پالا ڈینو نے جواب دیا کہ سیکرٹری آف سٹیٹ مائیک پومپیو یہ بات واضح کرچکے ہیں کہ پاک امریکا تعلقات میں اعتماد کی بحالی کیلئے پاکستان کو نتائج دینے کی ضرورت ہے اور اسلام آباد کے حوالے سے ہماری پالیسی واضح ہے۔


بریفنگ کے دوران کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد رکھنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس سے پاکستان اور بھارت کے شہریوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔