نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن پالتو کتے کیساتھ کھیلتے گر پڑے، پائوں فریکچر

Newly elected US President Joe Biden fell while playing with a pet dog
کیپشن: ڈاکٹروں نے نومنتخب امریکی صدر کو آرام کا مشورہ دیدیا ہے: فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکا کے نومنتخب صدر جوزف بائیڈن اقتدار سنبھالنے سے قبل اپنا پائوں تڑاوا بیٹھے ہیں۔ اپنے پالتو کتے کیساتھ کھیلتے ان کا ٹخنا مڑا جس سے پائوں معمولی فریکچر ہوگیا، ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیدیا۔

جوبائیڈن ڈاکٹرز کے ذاتی معالجین کا کہنا ہے کہ نونتخب صدر کے پائوں کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا تاہم انھیں چلنے پھرنے میں احتیاط برتنا ہوگی تاکہ مسئلہ پیدا نہ ہو جائے، انھیں کچھ ہفتوں تک آرام کا مشورہ دیتے ہوئے واکنگ شوز استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن اپنے کتے کیساتھ کھیلنے میں مصروف تھے کہ اچانک اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گر پڑے جس سے ان کا ٹخنا مڑ کر معمولی فریکچر ہو گیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ڈاکٹر کیون اووکارنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب امریکی صدر کی صحت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جوبائیڈن کا گرنے سے دائیاں پائوں متاثر ہوا ہے۔ ان کے ٹخنے میں دراڑ پیدا ہو گئی ہے، جسے ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا۔ تاہم پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔

خیال رہے کہ سابق امریکی صدور کی طرح جوبائیڈن کو پالتو کتے رکھنے کا بہت شوق ہے۔ اس وقت ان کے پاس دو جرمن شیفرڈ نسل کے کتے ہیں۔ خبریں ہیں کہ جوبائیڈن جنوری میں ایک پالتو بلی بھی رکھنے کا پروگرام بنا رہے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ تقریباً ہر امریکی صدر وائٹ ہائوس میں اپنا پالتو کتا ہمراہ لائے تھے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ واحد صدر ہیں جنہوں نے آکر یہ روایت توڑی۔ ٹرمپ کو قریب سے جاننے والے افراد اس کی وجہ ان کی نفاست اور صفائی پسند طبعیت کو قرار دیتے ہیں۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنا دعویٰ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی بات پر اٹل ہیں کہ حالیہ امریکی انتخابات میں دھاندلی کی گئی تھی۔ وہ اس کیخلاف قانونی جنگ لڑیں گے اور جب تک یہ بات واضح نہیں ہو جاتی وہ اس کے نتائج کو ہرگز تسلیم نہیں کرینگے۔

ایک امریکی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے الزامات کی مکمل تحقیقات تک جوبائیڈن کی جیت کو تسلیم نہیں کر سکتے اور نہ ہی اس بات سے پیچھے ہٹیں گے کہ الیکشن 2020ء میں دھاندلی کا ارتکاب نہیں ہوا۔