Get Alerts

سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی حالت تشویشناک، آئی سی یو منتقل کردیاگیا

سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی حالت تشویشناک، آئی سی یو منتقل کردیاگیا

ڈھاکہ :بنگلادیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلہ دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کی رہنما بیگم خالدہ ضیاء کی طبی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پارٹی قیادت اور اہلِ خانہ نے ان کی بگڑتی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قوم سے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

الجزیرہ اور ڈیلی سٹار کے مطابق 80 سالہ خالدہ ضیاء کو 23 نومبر کو ڈھاکہ کے ایور کیئر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہیں پھیپھڑوں کے انفیکشن اور دیگر پیچیدگیوں کے باعث آئی سی یو میں داخل کیا گیا۔ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر اے زیڈ ایم زاہد حسین کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کی حالت گزشتہ تین روز سے ایک ہی سطح پر ہے اور وہ علاج کا ردِعمل دکھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے مریضہ علاج جاری رکھنے کے قابل رہیں گی۔

بی این پی کے سیکریٹری جنرل مرزا فخرالاسلام عالمگیر نے بھی صحافیوں کو بتایا کہ خالدہ ضیاء کی صحت "انتہائی نازک" ہے۔ پارٹی کے مطابق اگر ان کی حالت میں بہتری آئی تو انہیں بیرونِ ملک منتقل کرنے کے لیے ایئر ایمبولینس تیار رکھی گئی ہے۔

خالدہ ضیاء مختلف امراض بشمول دل، جگر، گردوں کے مسائل، ذیابیطس، پھیپھڑوں کے انفیکشن، گٹھیا اور آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ ان کے صاحبزادے طارق رحمان، جو لندن میں مقیم ہیں، نے بھی عوام سے والدہ کی صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ خالدہ ضیاء تین بار بنگلادیش کی وزیراعظم رہ چکی ہیں۔ انہیں 2018 میں بدعنوانی کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ علاج کی غرض سے بیرونِ ملک جانے پر پابندی بھی عائد رہی۔ شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد گزشتہ سال انہیں رہا کیا گیا تھا۔

شدید علالت کے باوجود خالدہ ضیاء نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ 2026 کے فروری میں متوقع عام انتخابات کے لیے انتخابی مہم میں حصہ لیں گی، جن میں بی این پی کو اہم سیاسی قوت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

ٹیگز: