اسلام آباد: ایوانِ صدر میں وزیر اعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں اہم قومی و سیاسی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق، ملاقات میں آزاد کشمیر میں ممکنہ سیاسی تبدیلیوں پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ مستقبل کی حکومتی حکمتِ عملی اور پاور شیئرنگ فارمولا زیرِ غور آیا۔
اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس کے دوران اتحادی قیادت نے ملکی سیاسی صورتِ حال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد وزیر اعظم ایوانِ صدر سے وزیراعظم ہاؤس روانہ ہو گئے۔ سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں حالیہ دنوں کے دوران سیاسی سرگرمیوں میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، اور ایوانِ صدر کی یہ ملاقات آزاد کشمیر کے حوالے سے ممکنہ اہم فیصلوں کی پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔