ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں

ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں

لاہور:لاہور میں پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ، پشاور میں امام بارگاہ حسینیہ سے شبیہ ذوالجناح کا برآمد ہونیوالا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔ عزاداروں کی جانب سے نوحہ خوانی اور ماتم کیا جا رہا ہے۔ کراچی میں 9 محرم کا نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی گزر گاہوں سے ملحقہ سڑکوں کو کنٹینر رکھ کر بند کیا گیا۔

نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور کل اتوار کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگے۔ شہروں میں موبائل فون سروس بند رہے گی اور لاہور، کراچی، پشاور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پنجاب میں یوم عاشور پر فوج اور رینجرز سے مدد طلب کی گئی ہے۔

مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اور دسویں محرم کی درمیانی شب مرکزی جلوس برآمد ہونگے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے کل 10 محرم الحرام کو اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے 9 اور 10 محرم الحرام کے روز فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ راولپنڈی، فیصل آباد، سیالکوٹ، بہاولنگر، ڈی جی خان میں بھی موبائل سروس بند رہے گی۔ محکمہ داخلہ افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق موبائل فون سروس جلوسوں کے روٹس پر بھی بند رہے گی جو کہ جلوسوں کے اختتام تک معطل رہے گی۔ اسلام آباد میں نویں محرم کے جلوس کی وجہ سے جی سکس سے ملحقہ علاقوں میں موبائل سروس جلوس کے خاتمہ تک بند رہے گی۔ پنجاب میں امن و امان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے۔

وزارت داخلہ میں قائم خصوصی مانیٹرنگ سیل پورے ملک میں سکیورٹی صورتحال کو مانیٹر کرے گا۔ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں ۔ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محرم الحرام کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

جلوس کے راستوں میں بغیر اجازت پانی اور دودھ کی سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سندھ حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق آج ہفتہ 9 محرم الحرام اور کل اتوار 10 محرم الحرام کو بھی صوبے بھر میں موبائل فون سروس صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک معطل رکھی جائے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں