حکومت سی پیک کو بھی سبو تاژ کررہی ہے، عمران خان گھیرا تنگ کرنے کی کوشش نا کریں:خواجہ سعد رفیق

حکومت سی پیک کو بھی سبو تاژ کررہی ہے، عمران خان گھیرا تنگ کرنے کی کوشش نا کریں:خواجہ سعد رفیق
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ ڈیفنس میں (ن )لیگیوں کی کمی نہیں ،پی ٹی آئی کا ٹرینڈ اس علاقہ میں نہیں تھا کیونکہ الیکشن کا رزلٹ کچھ اور تھا،،ان کاکہناتھاکہ قالین کے نیچے رزلٹ نا چھپایا جاتا تو حالات اور ہوتے جبکہ وزیراعظم عمران خان گھیرا تنگ کرنے کی کوشش نا کریں یہ وقت ان پر بھی آسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے131ڈیفنس میں کارکنوں کی طرف سے دیئے گئے ناشتے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کاکہناتھاکہ ا گرہمیں دوبارہ گنتی کی اجازت مل جاتی تو دوبارہ ضمنی الیکشن نہ ہوتا ،ہمارے ارد گرد گھیرا تنگ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ان کوسوچناچاہئے کہ یہ وقت کبھی ان پر بھی آ سکتا ہے۔انہوں نے حکومت پرشدید تنقید کے نشترچلاتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف سے حکومت نہیں سنبھالی جا رہی،سعودی عرب کے دورہ کے بعد بیان نے مصیبت کھڑی کر دی۔

حکومت کو نہ تجربہ کاری سے پریشانی ہو رہی ہے، سی پیک ان سے نہیں چل رہا، جو پالیسی لا رہے ہیں وہ چین کو قبول نہ ہوگی، دوسرابھارت ہمارے درپے ہے۔خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا گیاہے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں بجلی گیس ہر چیز مہنگی کر دی گئی ۔ ن لیگ کی حکومت کے اقدامات بارے بھی بتایااورکہاکہ ہماری حکومت نے مری ہوئی ریلوے کو اللہ کے حکم سے ہم نے زندہ کیا۔خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ریلوے کے موجودہ وزیر جہالت کا ثبوت دے رہے ہیں، دیانتدار افسروں کو رگڑا لگایا جا رہا ہے، ان حالات میں کوئی سول سرونٹ کسی فائل پر دستخط نہیں کرے گا۔

سابق وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ خارجہ امور میں بھی ان کی نااہلی صاف نظر آ رہی ہے،حکومت سی پیک کے منصوبے کو بھی سبو تاژ کررہی ہے، حکومت اپنی اس کوشش کو ترک کردے، بھارت اپنی مہم جوئی سے باز نہیں آرہا ، افغانستان سے بھی تعلقات نارمل ہیں۔