چکوال:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے پنجاب بُری طرح متاثر ہوا، لیکن افسوس ہے کہ دیگر صوبوں نے اس انسانی المیے پر سیاست کی۔ وہ چکوال میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
انہوں نے کہا"تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا، لیکن پنجاب حکومت نے بھی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف آپریشن کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں آٹا اور روٹی سستی ہے، اور بنیادی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔جنہیں یہ سہولیات میسر نہیں، انہیں اپنے حکمرانوں سے سوال کرنا چاہیے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ رواں سال صوبے بھر میں ایک لاکھ پچیس ہزار (1,25,000) طلبہ کو لیپ ٹاپس دیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا میں آگے بڑھنے کا موقع ملے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں سینٹرز آف ایکسی لینس اسکولز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ معیاری تعلیم سب تک پہنچائی جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا"محفوظ اور پُرامن پنجاب میرا خواب ہے، اور ہم اسی سمت میں عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈویژن) کے قیام کے بعد صوبے میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، جو حکومت کی مؤثر پالیسیوں کا ثبوت ہے۔