عازمین کا میدان عرفات کا رخ، حج کا رکن اعظم وقوف عرفات آج ادا کیا جائیگا

عازمین کا میدان عرفات کا رخ، حج کا رکن اعظم وقوف عرفات آج ادا کیا جائیگا

مکہ المکرمہ: منیٰ میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہو گئی۔ لاکھوں عازمین حج نے نماز فجر کی ادائیگی کے بعد میدان عرفات کا رخ کر لیا۔ جہاں مناسک حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کیا جائے گا۔ عازمین مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے اور خطبہ حج سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں اکٹھی ادا کی جائیں گی۔ دوران وقوف حجاج کرام اللہ رب العزت کے حضور ذکر و تسبیح کیساتھ خصوصی دعائیں مانگیں گے۔

مغرب کی اذان کے بعد حجاج کرام واپس مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں نماز مغرب اور عشاء اکٹھی ادا کی جائے گی۔ رات کھلے آسمان تلے مزدلفہ میں قیام کے بعد جحاج کرام کل صبح فجر کی نماز کے بعد منیٰ روانہ ہوں گے۔ عازمیں مزدلفہ سے ہی کنکریاں اکٹھی کریں گے۔

منیٰ میں شیطان کو کنکریاں مارنے، قربانی کرنے اور سر منڈوانے کے بعد حجاج کرام اپنا احرام کھول دیں گے اور خانہ کعبہ جا کر طواف زیارت کریں گے۔ 11 اور 12 ذی الحج کو تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں