Get Alerts

اسرائیلی حملے میں حماس کے ترجمان ابو عبیدہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، غزہ میں مزید 77 فلسطینی شہید

اسرائیلی حملے میں حماس کے ترجمان ابو عبیدہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، غزہ میں مزید 77 فلسطینی شہید

غزہ / یروشلم :  اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک تازہ فضائی حملے میں حماس کے عسکری ونگ "القصام بریگیڈز" کے مرکزی ترجمان ابو عبیدہ کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ حملہ غزہ کی ایک رہائشی عمارت کی پہلی اور دوسری منزل پر کیا گیا، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔ دوسری جانب حماس کی طرف سے بھی ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

ادھر فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے نتیجے میں صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 77 فلسطینی شہید ہوئے ہیں، جن میں 19 افراد وہ بھی شامل ہیں جو امداد کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد 63 ہزار 371 تک جا پہنچی ہے، جب کہ 1 لاکھ 59 ہزار 835 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

غزہ میں انسانی بحران روز بروز سنگین تر ہوتا جا رہا ہے۔ قحط، بھوک اور ادویات کی قلت کے باعث مزید 10 فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج کی جانب سے امدادی قافلوں کو بار بار روکے جانے سے صورتحال بدترین ہو چکی ہے، اور عالمی برادری سے فوری اقدامات کی اپیل کی گئی ہے۔

دوسری جانب، برطانیہ نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے باعث اسرائیلی حکام کو لندن میں ہونے والی بین الاقوامی دفاعی نمائش میں مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانوی حکام کے مطابق یہ فیصلہ غزہ میں انسانی حقوق کی پامالی اور فوجی آپریشن میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

ٹیگز: