Get Alerts

پنجاب میں تھرمل ٹیکنالوجی کا کامیاب استعمال: سیلاب میں پھنسے 490 سے زائد افراد کی جان بچا لی گئی

پنجاب میں تھرمل ٹیکنالوجی کا کامیاب استعمال: سیلاب میں پھنسے 490 سے زائد افراد کی جان بچا لی گئی

لاہور:  پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہلی بار جدید تھرمل ٹیکنالوجی کے کامیاب استعمال سے ریسکیو آپریشنز میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ تھرمل ٹیکنالوجی کی مدد سے رات کی تاریکی میں ریسکیو آپریشنز کو ممکن بنایا گیا اور 490 سے زائد افراد کو بروقت بچا کر محفوظ مقامات تک منتقل کر دیا گیا۔

یہ اہم کارروائیاں اوکاڑہ، جھنگ، شورکوٹ، اٹھارہ ہزاری، اور احمد پور سیال کے متاثرہ علاقوں میں کی گئیں، جہاں پانی میں گھرے افراد تک رسائی روایتی طریقوں سے ممکن نہ تھی۔

ریسکیو حکام کے مطابق جھنگ سٹی بند سے 21، پنڈی محلہ سے 1، ددوآنڑاں سے 63 ، علی پور سے 70، ٹھٹھہ جبانڑاں سے 85، جوگیرا بوچھیراں سے 80 سمیت درجنوں علاقوں سے متاثرہ افراد کو تلاش کر کے نکالا گیا۔
تھرمل ٹیکنالوجی نے خاص طور پر ان علاقوں میں مؤثر کردار ادا کیا جہاں انسانی آنکھ کی پہنچ محدود تھی اور اندھیرے میں کچھ دکھائی نہیں دیتا تھا۔ تھرمل کیمرے انسانی جسم سے خارج ہونے والی حرارت کو شناخت کر کے متاثرین کا سراغ لگاتے ہیں، جس کے باعث اندھیری راتوں میں بھی درست مقام پر بروقت رسائی ممکن ہوئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس کامیاب ریسکیو آپریشن پر ریسکیو ٹیمز کو بھرپور شاباش دی اور اسے پنجاب کی ریسکیو ہسٹری میں ایک انقلابی قدم قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ تھرمل ٹیکنالوجی کا یہ استعمال نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کے لیے ایک مثالی ماڈل بن سکتا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان میں کسی ریسکیو آپریشن میں تھرمل ٹیکنالوجی کو باقاعدہ استعمال کیا گیا، اور اس کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا رہے ہیں۔ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کو مزید وسعت دینے اور دیگر صوبوں میں بھی متعارف کرانے کا امکان ہے۔

ٹیگز: