Get Alerts

ایس سی او رکن ممالک کو امن کے ساتھ ترقی کا بیڑا اٹھانا ہوگا: چینی صدر شی جن پنگ

 ایس سی او رکن ممالک کو امن کے ساتھ ترقی کا بیڑا اٹھانا ہوگا: چینی صدر شی جن پنگ

بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پلیٹ فارم پر اب صرف علاقائی امن و استحکام کے تحفظ ہی نہیں بلکہ رکن ممالک کی ترقی اور خوشحالی کو بھی فروغ دینے کی بڑی ذمہ داری ہے۔

رائٹرز کے مطابق صدر شی جن پنگ نے یہ بات اتوار کی شب تقریباً 20 ممالک کے عالمی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کہی۔

چین کے شمالی شہر تیانجن میں جاری اس سربراہی اجلاس میں وسطی، جنوبی، مشرقی اور مشرقِ وسطیٰ کے رہنما شریک ہیں، جسے ماہرین عالمی جنوب (Global South) کے اتحاد کی علامت قرار دے رہے ہیں۔

چینی خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق، صدر شی نے خیرمقدمی عشائیے میں اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اجلاس تمام ممالک کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے اور تعاون کے نئے در وا کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ کوششوں سے یہ اجلاس مکمل طور پر کامیاب ہوگا اور ایس سی او مستقبل میں بڑا کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم نہ صرف خطے کے امن اور ترقی کے لیے موثر پلیٹ فارم ہے بلکہ یہ بین الاقوامی تعلقات کے ایک نئے ماڈل اور انسانیت کے لیے مشترکہ مستقبل کی تعمیر میں بھی کلیدی قوت بن چکی ہے۔

شنہوا کے مطابق، تیانجن سربراہی اجلاس کو ایس سی او کی تاریخ کا سب سے بڑا سالانہ اجلاس قرار دیا جا رہا ہے، جہاں رکن ممالک کئی اہم دستاویزات کی منظوری دیں گے، جن میں اگلی دہائی کی ترقیاتی حکمتِ عملی بھی شامل ہے۔

ٹیگز: