لاہور اور گردونواح میں دھند، حد نگاہ انتہائی کم، شہری دوران ڈرائیونگ احتیاط کریں

Heavy fog in Punjab and Lahore, caution while driving
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں سال 2020ء کا آخری سورج طلوع ہو گیا، مگر پنجاب بھر میں دھند نے سورج کو دھندلا دیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور اور اس کے گردونواح میں شدید دھند سے حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دھند چھائی ہوئی ہے۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ حافظ آباد، پتوکی، پھول نگر سمیت کئی علاق میں ہر طرف دھند ہی دھند ہے۔

کئی مقامات پر موٹروے کو ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ دھند کے باعث موٹر وے ایم تھری لاہور سے ننکانہ تک بند رہے گی۔ ترجمان موٹروے پولیس نے ڈرائیور حضرات کو دھند کے دوران سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

لاہور ایئرپورٹ پر شدید دھند کے باعث فلائٹ شیڈول متاثر ہونے سے بیرون اور اندرون ملک کے لیے 11 پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ 15 تاخیر کا شکار ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج پاکستان بھر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ صوبہ پنجاب کے میدانی علاقے اور بالائی سندھ میں بھی پورا دن شدید دھند رہے گی۔ اسس کے علاوہ گلگت بلتستان، کشمیر، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان کے بیشتر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔

راولا کوٹ، ہنزہ، دیر، مالم جبہ، پارا چنار میں منفی تین، دالبندین، ژوب اور بگروٹ میں منفی پانچ، سکردو چھ، ہنزہ منفی آٹھ، کالام، گوپس اور کوئٹہ منفی نو، استور منفی 10، لہہ منفی گیارہ اور قلات میں منفی بارہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

آج جمعرات کے روز صوبہ پنجاب کے بیشتر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔ صبح کے اوقات میں کہرا پڑے گا جبکہ رحیم یار خان، بہاولنگر، بہاولپور، خانیوال، ساہیوال، حافظ آباد، اوکاڑہ، گوجرنوالہ، ملتان، نارووال، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں موسم کی شدت میں اضافہ رہے گا۔