پاکستانی کرکٹرز کو 8 فروری تک بی پی ایل کھیلنے کی اجازت مل گئی

پاکستانی کرکٹرز کو 8 فروری تک بی پی ایل کھیلنے کی اجازت مل گئی

لاہور: پاکستانی کرکٹرز کو بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) میں 8 فروری تک کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے تاہم نمائشی میچ میں شرکت کرنے والے کھلاڑی 2 فروری کو پاکستان پہنچیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق 5 فروری کے نمائشی میچ میں حصہ نہ لینے والے قومی کرکٹرز کو 8 فروری تک بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے جبکہ نمائشی میچ کھیلنے والے کھلاڑی 2 فروری کو وطن واپس آئیں گے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کو واپس بلانے کی پالیسی کا ازسر نو جائزہ لیا۔ قبل ازیں پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے والے تمام کرکٹرز کو 2 فروری کو وطن واپس طلب کیا تھا۔
اس وقت حارث رؤف، محمد رضوان، محمد نواز، خوشدل شاہ، نسیم شاہ، افتخار احمد، اعظم خان اور دیگر کھلاڑی بی پی ایل کھیلنے میں مصروف ہیں اور ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ایس ایل نہ کھیلنے والے کرکٹرز پر وطن واپسی کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے شیڈول کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے جس کے مطابق ایونٹ 13 فروری سے شروع ہو گا اور افتتاحی میچ دفاعی چیمپین لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں