تہران : ایران کے دو مختلف شہروں، بندر عباس اور اہواز میں رہائشی عمارتوں میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں خواتین و بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 14 سے زائد زخمی ہو گئے۔ایران کے خلیجی ساحلی شہر بندر عباس میں ایک 8 منزلہ رہائشی عمارت میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عمارت کی دو منزلیں مکمل طور پر زمین بوس ہو گئیں۔
ایرانی حکام کے مطابق اس حادثے میں 1 شخص ہلاک اور 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے کی شدت سے قریبی دکانوں اور پارک کی گئی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم ابھی تک حتمی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔
صوبہ خوزستان کے شہر اہواز میں ایک 4 منزلہ عمارت گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے کا شکار ہو گئی۔ اس المناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ امدادی ٹیموں نے عمارت کے ملبے تلے دبے 3 سالہ بچے اور ایک خاتون کو معجزانہ طور پر زندہ نکال لیا۔
ان واقعات کے بعد پیدا ہونے والی مختلف قیاس آرائیوں پر سرکاری سطح پر وضاحتیں سامنے آئی ہیں۔ ایرانی میڈیا نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ ان دھماکوں میں پاسدارانِ انقلاب کے کسی کمانڈر کو ہدف بنایا گیا تھا۔دوسری جانب اسرائیلی حکام نے بھی ان واقعات میں ملوث ہونے کے کسی بھی امکان کو مسترد کرتے ہوئے اسے ایران کا اندرونی معاملہ قرار دیا ہے۔