اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ امریکہ سے حالیہ تجارتی معاہدہ پاکستان کی معیشت کے لیے ایک بڑی اور خوش آئند پیشرفت ہے، جو حکومت کی کامیاب سفارتکاری کا نتیجہ ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن میں امریکی سیکرٹری آف کامرس اور ٹریڈ ریپریزنٹیٹو ایمبیسیڈر سے ملاقات کے بعد یہ اہم ڈیل طے پائی۔ ان کے مطابق، پاکستانی ٹیم کے امریکہ کے ساتھ مسلسل مذاکرات جاری تھے، جس کا مثبت نتیجہ یہ معاہدہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ڈیل کے تحت پاکستانی مصنوعات پر امریکہ میں ٹیرف میں کمی کی جائے گی، جس سے پاکستان کی برآمدات کو بڑا فائدہ ہوگا۔ بلال کیانی کے مطابق، گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی کل 32 ارب ڈالر کی ایکسپورٹس میں سے 6 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ صرف امریکا کو کی گئی، جو پاکستان کی سب سے بڑی تجارتی منڈی ہے۔
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ اس معاہدے سے نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ امریکی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبے بھی پاکستان میں بڑھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ پاکستان کی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنائے گا۔
انہوں نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ بھارت پر 25 فیصد ٹیرف کی خبریں گردش کر رہی ہیں، اور اگر ایسا ہوا تو پاکستان کو خطے میں مسابقتی فائدہ حاصل ہو گا۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ حال ہی میں نائب وزیراعظم اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی امریکی قیادت سے ہونے والی ملاقاتیں بھی پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط تعلقات کا ثبوت ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کی کامیاب سفارتی حکمت عملی جاری رہے گی اور اس کے اثرات جلد ملکی معیشت پر نمایاں ہوں گے۔