اسلام آباد : انسداد دہشت گردی عدالت (ATC) اسلام آباد نے فیض آباد دھرنے کے مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کا حکم جاری کر دیا ہے۔
عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور کا "اشہتاری" (Proclaimed Offender) کا درجہ برقرار رکھا اور اسلام آباد پولیس کو حکم دیا کہ وہ وارنٹ گرفتاری پر فوری طور پر عمل درآمد کرے۔
عدالت نے مزید کہا کہ اگر پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی حکم موجود ہو تو اس پر بھی قانون کے مطابق عمل کیا جائے۔
سماعت کے دوران پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل جاوید خان سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ وکلاء کی درخواست پر سماعت ملتوی کر دی گئی۔ کیس کی آئندہ سماعت 6 اگست کو مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف فیض آباد دھرنے سے متعلق مقدمہ تھانہ انڈسٹریل ایریا، اسلام آباد میں درج ہے۔