ممبئی: بالی ووڈ اداکار سونو سود نے اداکارہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت کے نوجوانوں سے متعلق متنازع بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اسے شرمناک قرار دے دیا۔
سونو سود کا کہنا ہے کہ کسی بھی شخصیت کو عوامی سطح پر بات کرنے سے پہلے اپنے الفاظ پر غور کرنا چاہیے اور سوچ سمجھ کر گفتگو کرنی چاہیے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے سونو سود سے کنگنا رناوت کے اس بیان کے حوالے سے سوال کیا گیا جس میں انہوں نے جنریشن زی (Gen Z) نوجوان مظاہرین کو ’جنریشن گٹر‘ قرار دیا تھا۔ سونو سود نے کہا کہ انہوں نے یہ بیان براہِ راست نہیں سنا، تاہم اگر ایسا بیان دیا گیا ہے تو وہ اس سے اتفاق نہیں کرتے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ عوامی شخصیات کی کامیابی کے پیچھے لوگوں کی حمایت ہوتی ہے، اس لیے انہیں عوام کے جذبات اور عزت کا خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ آپ کو مقام دیتے ہیں، ان کے لیے احترام کا رویہ رکھنا ضروری ہے۔
سونو سود نے مزید کہا کہ کسی بھی شعبے میں کامیابی عوام کے اعتماد اور تعاون سے حاصل ہوتی ہے۔ چاہے کوئی اداکار ہو، ڈاکٹر ہو یا کسی اور شعبے سے تعلق رکھتا ہو، اس کی اہمیت اس وقت تک برقرار رہتی ہے جب تک لوگ اس کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اصول صرف شوبز یا سیاست تک محدود نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے پر لاگو ہوتا ہے، کیونکہ عوامی حمایت کے بغیر کسی بھی شخص کے لیے اپنی کامیابی برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ کنگنا رناوت کے بیان پر تنازع اس وقت شروع ہوا جب انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر احتجاجی مظاہروں کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے مظاہرین کے رویے اور زبان پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے نوجوان مظاہرین کے بارے میں سخت الفاظ استعمال کیے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی۔
کنگنا کے بیان پر کئی صارفین نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اسے نوجوانوں کے لیے نامناسب قرار دیا، جبکہ کچھ افراد نے ان کے مؤقف کی حمایت بھی کی۔