اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ملک میں ایندھن کی ترسیل اور فراہمی کے پورے نظام کی مؤثر نگرانی کے لیے جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے اسلام آباد میں اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) میں اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد بڑھانے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھنے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے جدید ٹریکنگ ماڈل کی طرز پر ایک جامع نظام تشکیل دیا جائے۔
وزیراعظم نے اوگرا کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ادارے کی تنظیمِ نو کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کے تجربہ کار اور باصلاحیت ماہرین کو شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اوگرا کی اصلاحات اور تنظیمِ نو کے عمل میں ہر ممکن پیشہ ورانہ معاونت فراہم کرے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوامی وسائل کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا اور کسی کو بھی نظام سے ناجائز فائدہ اٹھانے یا اس میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے تمام ریگولیٹری اداروں اور متعلقہ وزارتوں کے درمیان باضابطہ اور مؤثر رابطے کا نظام قائم کرنے کے لیے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے منظور شدہ پالیسی کے تحت آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے عمل کو تیز کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر تمام اداروں میں بلاامتیاز عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اوگرا نے بندرگاہ سے پٹرول پمپ تک تیل کی سپلائی چین کی نگرانی کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ نیشنل مانیٹرنگ ڈیش بورڈ، ٹینکر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم، ڈپو ٹینک ٹیلی میٹری سسٹمز، "راہگزر" موبائل ایپ اور سینٹرل مانیٹرنگ سیل جیسے جدید نظام پہلے ہی فعال ہیں، جن کی مدد سے پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر، ترسیل اور فروخت کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ جولائی 2026 کے دوران ڈیٹا پر مبنی نگرانی کے نتیجے میں ذخیرہ اندوزی اور بلاجواز سپلائی میں رکاوٹ کے کئی واقعات سامنے آئے، جن پر ذمہ دار عناصر کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔
وزیراعظم نے اوگرا کے اصلاحاتی پروگرام کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ جدید ڈیجیٹل نگرانی کا نظام جلد از جلد مکمل طور پر فعال کیا جائے تاکہ تیل و گیس کے شعبے میں مکمل شفافیت، مؤثر نگرانی، ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ایندھن کی مسلسل فراہمی اور مناسب نرخوں پر دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت، بدعنوانی یا بے ضابطگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔