اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی ریڈ لائن ہیں اور انہیں سیاسی تنازعات یا اختلافات کا حصہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر کی سرحدوں پر تعینات پاکستانی سپاہی اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر وطن کے دفاع کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان کی فوج قوم کی ریڈ لائن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار قومی وقار کی علامت ہیں، اس لیے انہیں سیاسی بحث و مباحثے کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور قوم ہمیشہ ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔
کشمیر کی سرحد پر کھڑا ہمارا سپاہی صرف سرحد کی حفاظت نہیں کرتا بلکہ وہ اپنا گھر، ماں باپ اور اپنے بچے چھوڑ کر اپنی جان خطرے میں ڈال کر پاکستان کی حفاظت کرتا ہے۔
— Bilawal Bhutto Zardari (@BBhuttoZardari) July 31, 2026
میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ پاکستان کی فوج ہماری ریڈلائن ہے۔
ہمارے سپاہی کسی سیاسی بحث کا نشانہ نہیں بننے چاہییں، وہ قوم… pic.twitter.com/SrCD4ZsvIQ
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی ہر قربانی کا احترام کیا جائے گا اور شہداء کے اہلِ خانہ کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ملک کے محفوظ مستقبل کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، ان کی عزت اور وقار کا تحفظ پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے ایک اور ویڈیو بیان میں آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ 2 اگست سے قبل مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں سے متعلق تمام شکایات کی کھلی سماعت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پولنگ اسٹیشنز کے نتائج اور مکمل انتخابی ریکارڈ عوام کے سامنے پیش کرے تاکہ شفافیت پر کوئی سوال نہ اٹھے۔ ان کے مطابق الیکشن کمیشن کی ذمہ داری کسی سیاسی جماعت کی حمایت نہیں بلکہ عوام کے ووٹ کا تحفظ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ساکھ کا انحصار پہلے مرحلے میں شکایات کے منصفانہ ازالے پر ہوگا، کیونکہ ان کی جماعت صرف آزاد، شفاف اور غیرجانبدار انتخابات چاہتی ہے۔