Get Alerts

پاکستانی شہری انڈین کورونا سے متاثر، این سی او سی نے تصدیق کردی  

Pakistani citizen Affected by Indian Corona, NCOC confirmed
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: انسداد کورونا کیلئے بنائے گئے قومی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ایک پاکستانی شہری میں انڈین کورونا کا کیس سامنے آیا ہے۔

این سی او سی کی جانب سے اس پاکستانی شہری کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ شخص ایک خلیجی ملک سے آنے والی فلائٹ کے ذریعے ملک میں داخل ہوا تھا، ایئرپورٹ پر اس کا ٹیسٹ لیا گیا جس میں تصدیق ہوئی کہ اس کے اندر انڈین کورونا موجود ہے۔

حکام نے فوری طور پر اس شخص کو قرنطینہ کیا جبکہ دیگر مسافروں کی بھی کڑی سکریننگ کرتے ہوئے ان کے ٹیسٹ لئے گئے۔

این سی او سی حکام نے دعویٰ کیا گیا ہے کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کو انڈین کورونا کی خطرناک قسم سے بچا لیا گیا ہے، ملک میں اس مرض کے پھیلنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قوامی ادارہ صحت کے ڈاکٹروں نے اس 39 سالہ مریض کا مکمل چیک اپ کیا تو اس میں بظاہر کوئی علامت نہیں تھی، اس شہری کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے جو حال ہی میں ایک خلیجی ملک سے واپس وطن لوٹا تھا۔

این سی او سی کے مطابق یہ کیس رواں ماہ آٹھ مئی کو رپورٹ ہوا تھا۔ حکام نے انڈین کورونا کے خطرے کے پیش نظر انٹرنیشنل فلائٹس سے آنے والے مسافروں کیلئے سکریننگ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے مذکورہ شخص کی جانچ پڑتال کی گئی تو اس میں واضح ثبوت آئے کہ یہ شخص انڈین قسم کے کورونا سے متاثر ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے حکام نے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس شخص میں معمولی علامات تھیں اس لئے آئسولیشن کا پیریڈ ختم ہونے کے بعد اسے گھر جانے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ یہ شہری اب مکمل طور پر صحتیاب ہے۔ کورونا ٹیسٹ کے دوران بعد ازاں اس کی رپورٹ نیگیٹو آئی۔