لاک ڈاؤن سے تنگ کراچی کے تاجروں نے احتجاج کا اعلان کر دیا

لاک ڈاؤن سے تنگ کراچی کے تاجروں نے احتجاج کا اعلان کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث عائد لاک ڈاؤن کی آڑ میں زیادتیوں سے دلبرداشتہ تاجروں نے اپنے مطالبات کے حق میں حکومت کو کل سے 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان کی سربراہی میں منعقدہ شہر بھر کے تاجر نمائندوں پر مشتمل مشاورتی اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ منگل کی شام سے شروع ہونے والی الٹی میٹم کی مدت ختم ہوتے ہی شہر بھر کے تاجر احتجاج اور شٹر ڈاؤن ہڑتال پر جانے کیلئے مجبور ہوں گے اور بطور احتجاج سندھ اور وفاق کو ٹیکسوں کی ادائیگیاں بھی روک دی جائیں گی۔
کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان نے نجی ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشاورتی اجلاس میں مارکیٹوں کے کھلنے کا دورانیہ 6 بجے سے بڑھا کر 8 بجے شب کرنے اور ہفتے میں صرف ایک دن مارکیٹیں بند رکھنے کا مطالبہ پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں تاجروں پر عائد کئے جانے والے جرمانوں کی پالیسی ختم کرنے پر زور دیا گیا کیونکہ اس اقدام سے ناصرف خوف وہراس کا ماحول پیدا ہورہا ہے بلکہ تاجروں پر دفعہ 188 کے تحت مقدمات قائم ہونے سے ان کا کرائم ریکارڈ بن رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ایس او پیز کی کارروائیوں پر پولیس یا انتظامیہ کی زیادتی پر کمیٹی بنائی جائے جبکہ شادی ہالز ریسٹورنٹس کو ایس اوپیز کے ساتھ کاروبار کرنے اجازت دی جائے۔