واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے ایک انتہائی اہم اور جارحانہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ڈیل پر دستخط ہوتے ہی آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھول دیا جائے گا، جبکہ تہران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار نہیں خریدے گا۔
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکا ہے، تاہم امریکہ کسی جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کرے گا کیونکہ جلدی میں کی گئی ڈیل کبھی اچھی نہیں ہوتی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ اس وقت جو کچھ چاہتا ہے، وہ ایران سے حاصل کر رہا ہے۔
اپنے بیان میں ایران کو سخت ترین الفاظ میں انتباہ جاری کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر توقعات کے مطابق اچھی ڈیل طے نہ پائی تو ایران کے خلاف دوبارہ بھرپور فوجی آپریشن کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایرانی فوج، بحریہ اور فضائیہ کا پہلے ہی مکمل صفایا کیا جا چکا ہے۔