لاہور:انار کلی بازار میں آگ بھڑک اُٹھی

لاہور:انار کلی بازار میں آگ بھڑک اُٹھی

لاہور : معروف کاروباری علاقے انارکلی کے بازار میں  پلازے کے اندر آگ بھڑک اُٹھی، لگنے والی آگ بے قابو ہوگئی

پورے پلازہ کو لپیٹ میں لے لیا گیا، آگ7 قریبی عمارتوں تک پھیل گئی جس سے درجنوں دکانیں جل گئیں، آتشزدگی کے باعث 2افراد زخمی ہوگئے۔

فائر بریگیڈ اور ضلعی انتظامیہ کی 17 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔ متاثرہ پلازہ کے مالکان نے ریسکیو اور فائربریگیڈ کےعملے پر بروقت کارروائی نہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق گنپت روڈ گڈی بازار کے 4منزلہ پلازے میں رات2 بجے کے قریب شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ملحقہ عمارتوں کو بھی لپیٹ میں لےلیا۔

تنگ گلیوں اور دکانیں بند ہونے کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، متاثرہ پلازے اور ملحقہ دکانوں میں شادی بیاہ کی سجاوٹ کا سامان، پلاسٹک اور کاغذ وغیرہ موجود تھا۔فائربریگیڈ اور ریسکیو کی 17گاڑیوں نے آگ بجھانےکی کارروائی میں حصہ لیا۔

تاہم پلازہ مالکان خاصے برہم نظر آئے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریسکیو اور فائربریگیڈ والوں نے بروقت کارروائی نہیں کی، بروقت کارروائی کی جاتی تو آگ اس قدر نہ پھیلتی اور ان کا اتنا نقصان نہ ہوتا۔آگ کے باعث انارکلی اور ملحقہ علاقے کی بجلی بھی بند رہی۔