وزیر اعظم نے پولیس شہداء کے پیکیج کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ، آئی جی پنجاب پولیس

وزیر اعظم نے پولیس شہداء کے پیکیج کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ، آئی جی پنجاب پولیس

سرگودھا: انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے سرگودھا میں میڈیا اور الوداعی دوبار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے پولیس شہداء کے پیکیج کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ پیکیج اتنا بڑا ہے جو پوری دنیا میں نہیں ہو گا، دہشتگردی میں شہید ہونے والے شہداء کو ایک کروڑ روپے 5 مرلے کا مرضی کے علاقے میں مقام یا ایک کروڑ 35 لاکھ مستقل تنخواہ کے ساتھ 20 ہزار گزارہ الاؤنس، پسماندگان کو ملے گا۔ اسکے ساتھ بچوں کی تعلیم، صحت کے اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔ جبکہ ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے ٹریفک پولیس کا پیکیج نصف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی کارکردگی سے صوبہ میں امن و امان میں بہتری آئی ہے۔ مذہبی اور دیگر دہشتگرد میں نمایاں کمی آئی ہے اسی طرح 2014 کے مقابلے میں 2016 میں دو ہزار سے کم قتل کے واقعات ہوئے ہیں۔ پولیس میں ڈیڑھ سو سال پرانا دقیقہ نویسی نظام چلا آ رہا تھا۔ جسے تبدیل کر دیا گیا ہے۔ تھانوں کی حالت بہتر بنانے اور پولیس کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت نے بھر پور تعاون کیا ہے، پولیس جوان وردی کو طاقت کی بجائے مظلوموں کی دادرسی کیلئے استعمال کریں۔ پولیس کا شعبہ واحد شعبہ ہے جہاں پر ملازمت کے ساتھ نیکیاں بھی کمائی جا سکتی ہیں۔ لوگوں کو انصاف حفاظت اور خدمت کر کے اپنی آخرت بہتر بنائی جا سکتی ہے، انصاف کرنے والے کو کوئی مجبور نہیں کر سکتا۔ میرٹ پر فیصلے کریں زیادہ سے زیادہ ٹرانسفر ہی ہوتی ہے۔ انصاف کو کبھی نہ چھوڑو زندگی موت خدا کے ہاتھ میں ہے۔ دوران کوئٹہ تعیناتی مجھ پر تین خود کش حملے ہوئے میرے گھر پر ہونے والا پہلا خود کش حملہ پاکستان کا تاریخ کا دوسرا بڑا حملہ تھا، اس حملے نے میرے ایمان کو مضبوط کر دیا تھا کہ اگر اتنا بڑا حملہ میرا کچھ نہیں بگاڑ سکا چھوٹے حملے کیا کر سکیں گے.

الوداعی دربار سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او سرگودھا ذوالفقار حمید نے کہا کہ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کے ساتھ مجھے کام کرنے کا موقع ملا مجھے ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ ماتحت افسران کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی خود پریشر برداشت کیا لیکن ماتحتوں پر کوئی ہرج نہ آنے دیا۔ اس موقعہ پر ڈی پی او سرگودھا کیپٹن (ر) سہیل چوہدری اور دیگر نے بھی خطاب کیا، قبل ازیں آئی جی پنجاب نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس کی نئی عمارت کا بھی معائنہ کیا۔