عمران خان نااہلی کیس، سپریم کورٹ میں آج پھر سماعت ہو گی

عمران خان نااہلی کیس، سپریم کورٹ میں آج پھر سماعت ہو گی

اسلام آباد: عمران خان کی نا اہلی اور غیر ملکی فنڈنگ الزامات کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں پھر ہو گی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔

گزشتہ روز حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے پی ٹی آئی پر غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے دائر دستاویزات پر اعتراض اٹھا دیا تھا اور کہا کہ پی ٹی آئی نے خودساختہ دستاویزات داخل کیں۔ دستاویزات جعلی ہیں کیونکہ پہلی دستاویزات اور اسی بارے نئی دستاویزات میں فونٹ بھی تبدیل ہیں۔ پہلے غیر ملکی فنڈنگ زیادہ بتائی نئی دستاویزات میں رقم کم دکھائی گئی ہے۔

چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور سے استفسار کیا کہ کیا یہ دستاویزات آپ نے داخل کی ہیں تو انور منصور نے کہا کہ یہ میں نے نہیں بنائیں میں تو کہہ رہا ہوں یہ وہ ترسیلات ہیں جو پاکستان آئیں۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے پوچھا تھا کہ کیا ممنوعہ فنڈ اکٹھے کرنے پر ایجنٹ کے خلاف کوئی شکایت کی تو انور منصور نے کہا کہ ایجنٹ نے ممنوعہ فنڈ کیوں اکٹھے کیے اس کی اب شکایت کریں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ نئی پرانی دستاویزات اور فنڈز میں کیسے فرق کریں گے اس کے لیے تو تفصیلی انکوائری کی ضرورت ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں