پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھارت کے خلاف فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) میں جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور پاکستان کو دوبارہ فیٹف کی گرے لسٹ میں ڈالوانے کی کوشش کی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ "مودی! ہم تم جیسے بزدل نہیں جو رات کی تاریکی میں آتے ہیں، ہم نعرے لگا کر، دشمن کو بتا کر آتے ہیں۔ بھارت کو ہم خود ثبوتوں کے ساتھ عالمی فورمز پر لے جائیں گے تاکہ یہ ثابت کر سکیں کہ انڈیا فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل ہونے کے لئے مکمل طور پر فٹ ہے۔"
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بھارت ہمیشہ سے پاکستان، خاص طور پر بلوچستان، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی میں ملوث رہا ہے اور افغان جنگ کے دوران 100 سے زائد قونصل خانے کھول کر ملک میں دہشت گردی کو ہوا دی ہے۔ انہوں نے چینی باشندوں اور تنصیبات پر حملوں کے پیچھے بھی بھارت کا ہاتھ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت، دفاعی ادارے اور عوام ملک کے دفاع کے لیے متحد ہیں اور ہر محاذ پر بھارت کے جھوٹے پراپیگنڈے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
علی امین گنڈاپور نے عمران خان کی مودی کے حوالے سے بات کو بھی یاد کیا کہ مودی "Small man in big office" ہے۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا اور پاکستان کو دوبارہ فیٹف کی گرے لسٹ میں ڈالنے کی کوشش بھارتی سازش ہے جو کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں بھارتی جرائم کا واضح ثبوت ہے اور اس کی جرائم کی طویل فہرست بھارت کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کرنے کی راہ ہموار کرتی ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھارت کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے واضح ثبوت فیٹف حکام کو پیش کیے جائیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جنگ میں شکست کے بعد بھارت نے اوچھے ہتھکنڈے اپنائے ہیں اور پاکستان کو دوبارہ فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔