کراچی: سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں ٹرانسپورٹ کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں غیر قانونی بس اڈے ختم کیے گئے ہیں جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ ریڈ لائن بس سروس کو جدید طرز پر تیار کیا جا رہا ہے اور روزانہ ایک لاکھ 10 ہزار لوگ پیپلز بس سروس استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز بس سروس کی جدید بسیں پورے صوبے میں چلائی جا رہی ہیں اور پاکستان کی پہلی ای وی بس سروس بھی حکومت سندھ نے متعارف کرائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ستمبر کے آخر تک مزید ای وی بسیں کراچی پہنچیں گی اور ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والی خواتین کو مفت ای وی اسکوٹرز دیے جائیں گے۔ اس سال ایک ہزار سے زائد ای وی بسیں بھی لانے کا منصوبہ ہے۔
شرجیل میمن نے کچھ تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کچھ دوست کہتے ہیں کہ شہر کو کھودا ہوا ہے، لیکن یہ ترقیاتی کام جاری ہیں تاکہ بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔