کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت کی اور بھارتی پروپیگنڈے کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت صرف فلموں میں جنگیں جیت سکتا ہے، جبکہ پاکستان نے بھارت کو میدان جنگ میں تاریخی شکست دی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے فیک نیوز کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، اور عوام تک درست معلومات پہنچانے کے لیے وزارت اطلاعات اپنی ذمہ داری ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ "I Work For Sindh" کے نام سے بنائی گئی ایپ کے ذریعے اب تک 72 لاکھ لوگ مستفید ہو چکے ہیں، 17 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ 12,310 نوکریاں پوسٹ کی جا چکی ہیں۔ ایپ میں 9,234 سکلڈ ورکرز نے رجسٹریشن کرائی ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صحافتی تنظیموں کو 29 کروڑ روپے کی گرانٹس دی گئی ہیں، اور انڈومنٹ فنڈ کی مد میں مزید 29 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری کیے جا رہے ہیں۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمرشل گاڑیوں کی فٹنس کے لیے سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں، اور جعلی فٹنس سرٹیفکیٹس کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔ گرین اور اورنج لائن پر شٹل سروس شروع کی جائے گی اور مسافروں کی تعداد کو ایک لاکھ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پیپلز بس سروس میں مزید بسیں شامل کی جائیں گی، اور سفری کارڈ بھی متعارف کرایا گیا ہے۔