پاکستان ،ایبٹ آباد میں اسامہ کی موجودگی سےآگاہ نہیں تھا، اوباما

پاکستان ،ایبٹ آباد میں اسامہ کی موجودگی سےآگاہ نہیں تھا، اوباما

نئی دہلی: سابق امریکی صدرباراک اوباما نے کہا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ حکومت پاکستان ،ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی موجودگی سے آگاہ تھی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی دلی میں ہندوستان ٹائمز لیڈر شپ سمٹ 2017 کے دوران باراک اوباما سے پوچھا گیا کہ کیا واقعی پاکستان اسامہ کی موجودگی سے لاعلم تھا یا اس نے اسامہ کو چھپایا ہواتھا۔ جس پر اوباما نے جواب دیا کہ امریکا کے پاس اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ پاکستان اسامہ بن لادن کی موجودگی سے واقف تھا۔
سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اکثر معاملات میں پاکستان امریکا کا اچھا پارٹنر رہا ہے مگر یہاں موجود چند عناصراچھے دوست ثابت نہیں ہوئے۔رواں برس جنوری میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد اوباما کا بھارت میں پہلا خطاب تھا جس میں انہوں نے یہ بھی کہاکہ بھارت کو اپنے مسلمان شہریوں کو بھارتی ہونے کا احساس دلانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ’امریکا پاکستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کے درمیان تفریق کرتا ہے جیسے حقانی نیٹ ورک، جو افغانستان میں امریکی مفاد ہر حملے کررہے ہیں، اور لشکر طیبہ، جو براہ راست اس ملک پر حملوں میں ملوث نہیں‘۔واضح رہے کہ سال 2011 میں امریکہ کی اسپیشل فورسز نے راتوں رات ایبٹ آباد میں ایک آپریشن کر کے سابق القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کو ہلاک کردیا تھا۔