کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے رات گئے صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سکیورٹی پر مامور اہلکاروں سے ملاقات کی۔ اس دوران، انہوں نے سکیورٹی فورسز کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے حوصلے کو بلند کرنے کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
دورے کے دوران رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک اور زرک خان مندوخیل بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ میر سرفراز بگٹی نے مختلف پولیس چوکیوں کا بھی معائنہ کیا اور اہلکاروں کے ساتھ وقت گزارا۔ انہوں نے کہا کہ "ہمارے جوانوں کا حوصلہ بلند ہے، وہ ہر قسم کی دہشت گردی اور بے امنی سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔"
وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ "دہشت گردوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔" ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن قائم رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور سکیورٹی فورسز کی محنت و قربانیاں لائقِ تحسین ہیں۔